کراچی (نیوزڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پرامن افراد اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے پر جتنا بھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ یہاں ہونے والا ہر واقعہ اہمیت رکھتا ہے۔ وہ بدھ کی شام گورنر ہاوس میں امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور رشید گوڈیل سمیت ملک کی اعلیٰ عسکری اور سول قیادت نے شرکت کی۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ صفورہ گوٹھ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے۔ دہشت گردوں نے معصوم افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان کو ترقی نہ کرنے دینا دہشت گردوں کا ایجنڈا ہے جسے ہر صور ت ناکام بنادیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنا کر چھوڑیں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم میاں نواز شریف کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں امن وامان اور سانحہ صفورا گوٹھ پر بریفنگ دی۔