اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سانحہ کراچی میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرے، ان خیالات کا اظہار عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہیں ان کو پکڑا جائے ، تحریک انصاف نے حکومت کو مکمل اختیاردیاہوا ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اگر سنجیدہ ہے تو اپنا کردار اداکرے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کو پوری طاقت دے رکھی ہے ، کل خود کراچی جاکر لواحقین سے تعزیت کروںگا، کراچی میں بڑا سانحہ ہوا ہے ملک اس وقت مشکل دور سے گزر رہاہے ، اسماعیلی کمیونٹی پرامن لوگ ہیں ہم اس وقت حکومت پر زیادہ دباﺅ نہیں ڈالنا چاہتے میں چاہتاہوں کہ تمام ملک اکٹھاہو اور ہم سب کا فیصلہ ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آخر حد تک جایا جائے اور یہ جدھر بھی ہیں ان کو پکڑاجائے سندھ میں جو تباہی آرہی ہے اور جو پنجاب میں تباہی آرہی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے پولیس میں میرٹ نہیں رکھا اور پولیس کو تباہ کردیا ہے جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی ہے۔کراچی کے اندر خود آئی جی نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں پتہ ہی نہیں ہے کہ کون بھرتیاں کرتاہے، انہوں نے کہا کہ پیسے لے کر نااہل لوگوں کو پولیس میں بھرتی کیاجاتاہے ،اس موقع پر انہوں نے بنی گالا کے سامنے احتجاج کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کردیا انہوں نے کہا کہ جن ملازمین کے کیس نیب میں ہیں ان کا فیصلہ نیب ہی تحقیقات کے بعد کرے گا۔