اسلام آباد(نیوز ڈیسک)لندن کی میٹروپولیٹن نے بتایا ہے کہ میٹرو پولیٹن پولیس کے انسدادِ دہشت گردی شعبے کے سربراہ رچرڈ والٹن نے اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے مختلف کیسوں میں جاری تحقیقات کے بارے میں بات کی ہے۔لندن پولیس کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ لندن پولیس کے سربراہ منگل کے روز اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملے ہیں، تاہم انھوں نے ان کیسوں کی نشان دہی کرنے سے معذرت کی، جن کے بارے میں وہ پاکستانی حکام سے بات چیت کر رہے ہیں۔ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے بارے میں جاری تحقیقات کے بارے میں ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ رچرڈ والٹن کئی معاملات پر بات کریں گے۔متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطالف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ایک 64 سالہ شخص سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جس کا نام ایف سے شروع ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک اس کیس میں چھ اشخاص کو گرفتار کیا جا چکا ہے جو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیے گئے۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستانی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی ہائی کمشنر کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد چوہدری نثار نے کہا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں پاکستان میں گرفتار ہونے والے کسی ملزم برطانیہ کے حوالے کیا گیا تو اس کے بدلے میں برطانیہ کو بھی مطلوب افراد پاکستان کے حوالے کرنا ہوں گے۔چوہدری نثار علی خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں تینوں افراد کو پاکستانی خفیہ اور سکیورٹی اداروں نے حراست میں لیا ہے، جن میں سید محسن علی، کاشف خان اور معظم علی شامل ہیں۔خیال رہے کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس بھی جاری ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں۔