اسلام آباد ( نیوزڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان شوکت خانم کی کمائی سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہیں ، پی ٹی آئی میں قبروں کی کمائی والے سیاستدان بنے پھرتے ہیں ، عمران خان کی شخصیت میں انا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، خیبرپختونخوا میں لوڈ شیڈنگ پر سیاست کی جارہی ہے ، وزیراعظم اقتصادی راہداری کے حوالے سے کے پی کے حکومت کے تحفظات دور کریںگے ، پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز کی نہ صرف اسمبلی رکنیت معطل ہوئی بلکہ وہ نااہل بھی قرار دیئے گئے ، عمران خان نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ وہ منگل کو سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو ترقی کی ایسی راہ پر گامزن کررہے ہیں جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ وہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے کے پی کے حکومت کے تحفظات دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور کنٹینر پر بیٹھ کر فوجی مداخلت کا انتظار کرتے رہے۔ ان کی شخصیت میں انا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اب تحریک انصاف کے رائے حسن نواز کی نہ صرف اسمبلی رکنیت معطل ہوئی ہے بلکہ وہ نااہل بھی قرار دیدیئے گئے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان شوکت خانم کی کمائی سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہین اور الزام دوسروں پر لگاتے ہیں ، ان کی پارٹی میں قبروں کی کمائی کھانے والے سیاستدان بنے پھرتے ہیں ، حکومت پنی مدت پوری کرے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ پورے ملک کا جن علاقوں میں چوری ہوتی ہے ان کی بجلی منقطع کرنی چاہیے۔ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں لوڈ شیڈنگ پر سیاست کی جارہی ہے۔