اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نادرا نے این اے 122کی فرانزک رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرا دی ،نادرا کے ڈائریکٹر ریکارڈ کو بیان قلمبند کرانے کےلئے 16مئی کو طلب کرلیا گیا جن سے وکلاءجرح کریں گے۔ این اے 122مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت گزشتہ روز ہوئی ۔ الیکشن ٹربیونل کی ہدایت پر نادرا کے ڈائریکٹر فرانزک لیبارٹری عامر حسین نے این اے 122سے متعلق 781صفحات پر مشتمل سربمہر فرانزک رپورٹ جمع کرادی ۔ ٹربیونل نے آئندہ سماعت 16 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ڈائریکٹر نادرا ریکارڈ کوبیان قلمبند کرنے کے لئے طلب کر لیا جس پر وکلاءان سے جرح کریں گے ۔نادرا کی طرف سے رپورٹ جمع کرائے جانے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکن بھی موجود تھے جواپنی اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے اور وکٹری کے نشان بناتے رہے ۔ اس موقع پر پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔