اسلام آباد(نیوز ڈیسک)گلگت ہیلی کاپٹر حادثہ میں تمام زخمیوں کو گلگت سے سی ایم ایچ راولپنڈی اور کھاریاں منتقل کر دیا گیا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز پاک آرمی کے سی ون30 طیارے کے ذریعے گلگت حادثہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو نور خان ائیر بیس لایا گیا جہاں سے زخمیوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی اور کھاریاں منتقل کیا گیا ہے۔سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہناہے کہ گلگت ہیلی کاپٹر حادثہ میں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ،زخمیوں کو سی ایم ایچ اور کھاریاں منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ زخمی سفیروں کے لواحقین اور سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں ان کے لواحقین پاکستان آرہے ہیں ،ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعدسپیشل طیاروں کے ذریعے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ زخمیوں کو اہلخانہ کے ہمراہ ان کے ممالک بھجوایا جائیگا،انہوں نے کہا کہ سانحہ گلگت پر پوری قوم افسردہ ہے اور اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے دکھ کے برابر کے شریک ہیں۔