اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی میں اہم انکشافات ہوئے ہیں، طے ہوگیا ہے الیکشن کی رات نواز شریف کی تقریر قواعد کی خلاف ورزی تھی۔جوڈیشل کمیشن کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ جمعہ کے اجلاس میں بڑے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں الیکشن کمشنر پنجاب کو پتہ ہی نہیں تھا کہ کس حلقے میں کتنے اضافی بیلٹ پیپرز جارہے ہیں، پنجاب کے الیکشن کمشنر نے تسلیم کیا کہ اضافی بیلٹ پیپرز کی تعداد میں 3 سے لے کر ایک لاکھ تک کافرق تھا۔عمران خان نے کہاکہ اضافی بیلٹ پیپرز راول پنڈی میں چھپنے تھے تاہم اس کیلئے لوگوں کو لاہور سے لایا گیا . یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ نواز شریف کی الیکشن کی رات تقریر الیکشن کمیشن قوانین کی خلاف ورزی تھی۔انہوںنے کہا کہ انتخابات کے 48گھنٹے تک کوئی سیاسی بیان جاری نہیں کیاجاسکتا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے قوانین نوازشریف کو تقریر کی اجازت نہیں دیتے تھے۔