لاہور(نیوزڈیسک )لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے خلاف بیرون ملک اثاثہ جات کیس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان کی سربراہی میں جسٹس محمد قاسم خان ‘جسٹس عائشہ اے ملک ‘ جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس مرزا وقاص پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے مزید تیاری کے لئے عدالت سے تین ہفتے کا وقت مانگا جس پر لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس فرخ عرفان نے کہا کہ اگر اس طرح وقت مانگتے رہیں گے تو مزید 24سال گزر جائیں گے اور التوا ئ کا قصور وار عدالتوں کو ٹھہرایا جائے گا جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔ بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست 24 سال پہلے دائر کی گئی تھی جس کی سماعت کے لیے عدالت نے پانچ رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔