اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیپال میں زلزلے نے کھٹمنڈو شہر کی زمینی پوزیشن تبدیل کر دی۔ ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار تین سو باون ہو گئی ہے۔ زلزلے کے متاثرین بے سرو سامانی کی حالت میں امداد کے منتظر ہیں۔ہفتے کی صبح سات اعشاریہ نو شدت کے زلزلے نے نیپال کو ہلا کر رکھ دیا۔ بلندو بالا عمارتیں اور ہنستے بستے گھر کھنڈر بن گئے۔ ہولناک زلزلے سے کھٹمنڈو شہر کی زمین کئی میٹر تک جنوب کی جانب سرک گئی۔ تباہ حال نیپال میں عمارتوں کے ملبے تلے ابھی بھی سیکڑوں افراد دبے ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران مزید لاشیں ملنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ کئی علاقوں تک امدادی ٹیمیں پہنچ ہی نہیں سکیں۔ عارضی کیمپوں میں پناہ لیے زلزلہ متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔ چین، فرانس، اسپین، جرمنی اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی امدادی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔