اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب عبدالوحید چودھری کو دو شناختی کارڈ رکھنے پر نااہل قرار دے دیا۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لیگی ایم پی اے اور وزیر جیل خانہ جات پنجاب عبدالوحید کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، عدالت عظمیٰ نے الیکشن ٹربیونل کا دو شناختی کارڈ رکھنے پر عبدالوحید چودھری کو نا اہل قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ پی پی ایک سو بانوے ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے عبدالوحید چودھری کیخلاف ان کے مخالف امیدوار نے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عبدالوحید چودھری دو شناختی کارڈ رکھتے ہیں ، ٹربیونل نے الزام ثابت ہونے پر عبدالوحید چودھری کی نااہلی کا فیصلہ دیا تھا۔