اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف آج کراچی پہنچے ہیں ،وہ یہاں دہشتگردوں اور شرپسندوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر وزیراعظم کو شہر میں جاری آپریشن اور ملنے والی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرینگے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ جس میں کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیاجائیگا، گزشتہ روز مختلف وفود سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ دہشتگردوں کو مذہب، فرقے یا سیاست کی پناہ نہیں لینے دیں گے، کراچی میں صورتحال بہتر ہورہی ہے ، کراچی آپریشن میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو شاباش دیں گے۔