سکھر(نیوز ڈیسک)سینیٹ کے چیئرمین رضا ربّانی نے کہا ہے کہ عدالتی کمیشن کی تشکیل کی وجہ سے ملک میں کوئی بحران نہیں کھڑا ہوگا، لیکن اب پاکستان تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ووٹرز کی نمائندگی کے لیے اسمبلیوں میں واپس لوٹ آئے۔ یہاں بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ پر گڑھی خدا بخش روانہ ہونے سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رضا ربّانی نے کہا کہ ریاستی اداروں کے مضبوط ہوجانے کے بعد عدالتی کمیشن کسی بحران کا سبب نہیں بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوری انداز میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت کو اقتدار منتقل کیا تھا، اور امید ہے کہ اب اس جذبے کے تحت اقتدار جمہوری طور پر دوسروں کو منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا کا انحصار جمہوری نظام پر ہے۔ سینیٹ وفاق کی ایک علامت ہے اور وہ تمام صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے آئینی اداروں اور آئین کی بالادستی کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جوبھی کارروائی کی جارہی ہے، اس کی تمام جمہوری قوتوں اور قومی اداروں نے مکمل حمایت کی تھی۔سینیٹ میں دہشت گردی کے خلاف اگر کسی قسم کی تحریک پیش کی گئی تو اس منظور کیا جائے گا۔ اگر ملک کے جمہوری اور قومی ادارے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوجائے گا۔اس کے بعد رضا ربّانی گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوگئے۔ان کی صحافیوں کے ساتھ دس سے پندرہ منٹ کی بات چیت کے دوران رضا ربانی ایئرپورٹ کے باہر سڑک کے کنارے شدید دھوپ میں کھڑے رہنے پر مجبور رہے۔اس لیے کہ ایئرپورٹ حکام نے عمارت کے اندر لوگوں کے اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں دی، اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی سینیٹ کے چیئرمین کی میڈیا کے ساتھ بات چیت کے لیے متبادل انتظامات نہیں کیے۔