اسلام آباد(نیوز ڈیسک)افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ وزیرستان اور خیبرایجنسی میں آپریشن کے باعث دہشت گردافغانستان آرہے ہیں۔ میں اسے صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تبدیلی کہوں گا۔اس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کاخاتمہ نہیں ہوگا۔دہشت گرد متبادل ٹھکانے تلاش کررہے ہیں۔امریکا روانگی سے قبل افغان صدر نے پہلی مرتبہ دہشت گردی کےحوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاکستانی فوج کے آپریشن کی وجہ سے عالمی دہشت گرد افغانستان منتقل ہورہے ہیں۔ وہ اسے صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تبدیلی کہیں گے، دہشت گردوں کوایک جگہ سے نکال کردوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے،اس سےدہشت گردوں کے نیٹ ورک کاخاتمہ نہیں ہوگا۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خطرے کا غلط اندازہ نہیں لگانا چاہیے، دہشت گرد متبادل ٹھکانے تلاش کررہے ہیں اورشدت پسند تنظیم داعش بھی افغانستان میں اثرورسوخ بڑھارہی ہے،افغانستان صدر اشرف غنی 24 مارچ کو واشنگٹن میں امریکی صدرسے ملاقات اور 25 مارچ کو امریکی کانگریس سے خطاب کریں گے۔