باڑہ(نیوز ڈیسک) خیبر ایجنسی میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کے دوران 20 دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے دور افتادہ پہاڑی تیراہ کے علاقہ سندانہ میں اپریشن خیبر ٹو میں سیکیورٹی فورسزکی شدت پسندوں کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی کے دوران پہلے سے نصب بم اچانک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے فورسز کے 3 جوان زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلیے لے جایا گیا تاہم ایک اہلکار شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ادھر سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے دورافتادہ تیراہ کے پہاڑی علاقوں، نری بابا، سنڈہ پال اور دیگر علاقوں میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر شیلنگ کی جس سے بیس شدت پسند کے ہلاک اور5 کے زخمی ہو نے کی اطلاعات ہیں۔