اسلام آباد…….چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 20 ارب روپے کے ہرجانے کے دعویٰ کی سماعت عمران خان کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کر دی گئی۔اسلام آبادمیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان علالت کے باعث پیش نہیں ہوئے جس کے باعث سماعت 14 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرنے پر عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔عدالت نے گزشتہ دو سماعتوں میں عمران خان کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم عمران خان کی جانب سے جواب جمع نہیں کرائےگئے۔سابق چیف جسٹس کے وکلا کی جانب سے بابر اعوان پر بھی اعتراضات داخل کرائے گئے ہیں۔