اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن نے سینٹ انتخاب جیتنے والے ن لیگ کے اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ، اسلام آبا ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائیگا۔ الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت کے اسلام آباد سے سینیٹ امیدواروں راحیلہ مگسی اور اقبال ظفر جھگڑا کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز کا اجرا اسلام آباد ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے سے منسوب کر دیا ہے اور دونوں امیدواروں کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی نقل منگوا لی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک دونوں امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتخابی اخراجات کی تفصیل فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھی دونوں امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے جائیں گے۔ دریں اثنافاٹا سینیٹ الیکشن سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا نوٹس الیکشن کمیشن کو موصول ہو گیا ہے ، عدالت نے الیکشن کمیشن سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر رکھا ہے۔