ڈی آئی خان(نیوز ڈیسک) تحصیل پروا میں موسم کی خرابی کے سبب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور اس کا معاون جاں بحق ہوگئے۔پاک فضائیہ کا میراج طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک موسم کی خرابی کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا کے علاقے میران میں گر کر تباہ ہوگیا اور حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت معاون بھی جاں بحق ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں بارش اور ڑالہ باری جاری تھی اور ممکنہ طور پر طیارے پرآسمانی بجلی گری جس کے نتیجے میں طیارے کو آگ لگ گئی اور اس کے ٹکڑے دور دور تک بکھر گئے، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کردی جب کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان پاک فضائیہ نے بھی طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔