اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں ،ہر پاکستانی کے دل میںسعودی فرمانروا کیلئے خاص مقام ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانگی ہوگئے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کریں گے اور پاک سعودی تعلقات ،عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، وزیر اعظم عمرہ کی ادائیگی بھی کریں گے ۔وزیر اعظم نے سعودی عرب روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت سعودی عرب کا دورہ کررہا ہوں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔