اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف عوام کی شکایات براہ راست سننے کیلئے جلد ہیلپ لائن کا دوبارہ آغاز کرینگے۔یہ بات وزارت داخلہ کی پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں کہی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے انسداد دہشت گردی کے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس پلان پر پیشرفت کی بذات خود نگرانی کررہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کا فی الحال نئے اسلحہ لائسنسوں کادوبارہ اجرا شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنسوں کا پرانا ریکارڈ درست اور ڈیجیٹلائز کیا جارہاہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ موبائل سموں کی تصدیق نیشنل ایکشن پلان کا اہم حصہ ہے اور اس سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ایک اورسوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ حکومت مدارس کو بند کرنے یا ان پر کنٹرول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ،تاہم انہوں نے کہا کہ مدارس کا اندراج ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کے اندراج کوبھی موثر بنایا جارہاہے۔