لاہور (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ عمران خان بد انتظامی کو بھی دھاندلی شمار کرتے ہیں۔لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ جبکہ آئینی ترمیم کے لئے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر مفاہمت اور اتفاق رائے سے معاملات حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب نے وفاق کی مضبوطی کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا۔ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے میں اپنے بڑے بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔