اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) حکومت نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے کمر کس لی ، آج وزیر اعظم ہاو¿س میں اہم اجلاس ہوگا۔ شو آف ہینڈ ، بیلٹ پیپرز اوپن کرنے اور آئینی ترمیم لانے سمیت تمام تجاویز پر غور ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے شور کے بعد پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین سید نے تو اتنخابات کو آکشن قرار دیدیا۔ اپوزیشن تو اپوزیشن حکومت کے اہم رہنماﺅں نے بھی سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کے امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تدارک کے لیے تجاویز پیش کر دیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے جمعہ کی دوپہر پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے شو آف ہینڈ یا پھر بیلٹ پیپر اوپن کرنے اور آئینی ترمیم لانے سمیت تمام پہلوﺅں پر غور کر کے حتمی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔