بدھ‬‮ ، 08 جنوری‬‮ 2025 

چھوٹی چھوٹی باتیں

datetime 8  دسمبر‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور تھا‘ مارگلہ ٹاور۔ یہ ٹاور8 اکتوبر2005ء کے زلزلے میں زمین بوس ہو گیا تھا اور اس کے ملبے میں74 مرد ‘ خواتین اور بچے دفن ہو گئے‘ مارگلہ ٹاور کی تیسری منزل پر ایک خاندان رہتا تھا‘ گھر میں چار لوگ تھے‘ گھر کا مالک‘ ان کی بیگم‘ والدہ اور 13 سال کا بیٹا۔ یہ خاندان بھی ملبے میں دب گیا‘ صاحب خانہ کو ہوش آیا تو اس نے خود کو ایک ستون کے قریب گرا پایا‘ بیوی کو آواز دی‘ بیوی بھی زندہ تھی‘ والدہ اور بیٹے کو بلایا‘ وہ دونوں معمولی زخمی تھے‘

یہ چاروں لوگ چند گز کے فاصلے پر تھے مگر ملبے کی وجہ سے ایک دوسرے کو دیکھ نہیں سکتے تھے‘ صاحب خانہ کو اچانک یاد آیا ان کا موبائل فون ان کی جیب میں ہے‘ انہوں نے آڑھے ترچھے ہو کر جیب میں ہاتھ ڈالا‘ موبائل فون نکال کر دیکھا‘ فون آن بھی تھا اور سگنل بھی موجود تھے‘ صاحب خانہ نے دوست احباب کو فون کرنا شروع کر دیا‘ دوستوں کو اطلاع ہوئی تو یہ گھروں سے نکل کھڑے ہوئے‘ ریسکیو ورکر بھی ٹاور پہنچ گئے‘ وہ صاحب فون آن کرتے‘ دوستوں کو گائیڈ کرتے اور بیٹری بچانے کے لیے فون بند کر دیتے‘ دوست ریسکیو ورکرز کوان کی لوکیشن سمجھا دیتے‘ یہ سلسلہ دودن جاری رہایہاں تک کہ ریسکیو ورکرز ان تک پہنچ گئے‘ خاندان بچا لیا گیا‘ یہ خاندان اللہ کے کرم اور موبائل فون کی وجہ سے سلامت رہا اگر اس وقت موبائل فون صاحب کی جیب میں نہ ہوتا تو یہ ریسکیو ورکرز اور دوستوں کو گائیڈ نہ کر سکتے اور یوں یہ اور ان کا خاندان دوسرے 74 لوگوں کے ساتھ ملبے میں دفن ہو جاتے‘ میں نے اس خاندان کی یہ کہانی 2005ء میں پڑھی اور میں نے اس کے بعد یہ معمول بنا لیا‘ میں اپنا فون ہر وقت ساتھ بھی رکھتا ہوں اور چارج بھی رکھتا ہوں‘ میں رات سونے سے قبل فون چارج کرتا ہوں اور اسے سرہانے کے نیچے رکھ کر سوتا ہوں‘ میں فون باتھ روم میں بھی ساتھ لے کر جاتا ہوں ‘ میرا آپ کو مشورہ ہے آپ بھی یہ معمول بنا لیں کیوںکہ اس معمول کی وجہ سے آپ کسی بھی ایمرجنسی میں اپنے دوست احباب سے رابطہ کر سکیں گے‘

میں نے زندگی میں بے شمار لوگوں کو باتھ روموں میں پھنسے ہوئے دیکھا‘ لوگ فرش پر گرجاتے ہیں‘ زخمی ہوتے ہیں اور باہر بیٹھے لوگوں کو اطلاع تک نہیں ہوتی‘ ہمارے باتھ رومز کے دروازے بھی بعض اوقات جام ہو جاتے ہیں یا دروازہ کھولتے وقت ان کا ہینڈل نکل جاتا ہے یا ہم نے پورے جسم پر صابن لگا یا ہوتا ہے اور پانی ختم ہو جاتا ہے‘ ہمارے پاس اگر اس صورت حال میں موبائل فون ہو گا تو ہم کسی نہ کسی شخص کو اطلاع دے دیں گے ورنہ دوسری صورت میں ہم ہوں گے اورہماری ابتر حالت ہو گی۔ میں اپنا فون ہمیشہ سائیلنٹ رکھتا ہوں‘ اس کی وجہ ٹینشن ہے‘ میں محسوس کرتا ہوں ہم میں سے نوے فیصد لوگ دوسروں کو بلاوجہ فون کرتے ہیں‘ آپ کسی روز دن بھر موصول ہونے والی کالز کا ڈیٹا بنایے‘ آپ دیکھیں گے آپ کو موصول ہونے والی نوے فیصد کالز بلا ضرورت اور بلا وجہ تھیں‘ ہم فون پر بات بھی اونچی آواز میں کرتے ہیں‘ آپ اپنے اردگرد دیکھیے وہاں اگر پانچ لوگ ہیں تو ان میں سے دو یا تین لوگوں کے فون مسلسل بج رہے ہوں گے اور وہ ’’ہاں جی‘‘ کا نعرہ لگا کر پورا ماحول آلودہ کر رہے ہوں گے‘ آپ کسی جگہ چلے جائیں آپ وہاں موبائل کی گھنٹی ضرور سنیں گے‘ یہ گھنٹیاں لوگوں کے اعصاب پر برے اثرات مرتب کر رہی ہیں‘ آپ بھی میری طرح اپنا فون سائیلنٹ کر کے دیکھیے‘ آپ کو بھی اپنے مسائل کم ہوتے نظر آئیں گے‘ میں ہمیشہ ’’کال بیک‘‘ کرتا ہوں‘ اس سے میرے فون کے بجٹ میں پچاس فیصد اضافہ ہو جاتا ہے لیکن زندگی میں سو فیصد سکون آ جاتا ہے۔

یہ ہماری زندگی کی چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں‘ ہم ان باتوں سے زندگی کو زیادہ بہترین بنا سکتے ہیں‘ مثلاًمیرے دوستوں نے گاڑیوں میں ایک ایک اضافی فون رکھا ہے‘ یہ فون سستا ہوتا ہے‘ یہ ہر وقت چارج اور آن رہتا ہے‘ یہ نمبر صرف خاندان اور چند قریبی دوستوں کے پاس ہوتا ہے‘ یہ ایمرجنسی فون ہے‘ آپ بھی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں میں ایمرجنسی فون رکھیں‘ یہ فون ایمرجنسی میں آپ کا معاون ثابت ہو گا‘ آپ خواہ کسی بھی عمر کے انسان ہیں‘ آپ تھیلا‘ بیگ یا بریف کیس کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں‘ آپ کا ’’ہینڈ بیگ‘‘ آپ کا بہترین دوست ثابت ہو گا‘ آپ بیگ میں اپنی تمام ضروری اشیاء رکھیں‘ آپ اس میں تھوڑی سی نقدی رکھ لیں‘ آپ اس میں ایمرجنسی ادویات رکھیں‘ آپ اس میں موبائل کا چارجر رکھیں‘ آپ اس میں کنگھی‘ ٹشو پیپرز‘ چیونگم‘ ڈائری‘ کاغذ‘ قلم اور اپنی چیک بک بھی رکھیں‘ آپ اس میں اپنے تمام ایڈریسز اور اپنے دوست احباب کے ٹیلی فون نمبرز بھی رکھیں‘ یہ بیگ آپ کو ہر قسم کے مسائل سے بچائے گا‘ آپ کو مارکیٹ سے ہر قسم کے ہینڈ بیگ مل جاتے ہیں‘ آپ کندھے پر لٹکانے والا کپڑے اور چمڑے کا خوب صورت بیگ بھی لے سکتے ہیں اور لیپ ٹاپ بیگ بھی‘ بریف کیس بھی اور سمارٹ ’’ہینڈ بیگ‘‘ بھی۔ یہ بیگ اٹھانے میں آسان‘ دیکھنے میں خوب صورت اور سائز میں چھوٹا ہونا چاہیے‘ آپ اپنے بچوں کو بھی بیگ کی عادت ڈالیں‘

یہ عادت انہیں ذمہ دار بھی بنائے گی اور ان کی زندگی میں ڈسپلن بھی پیدا کرے گی‘ آپ کو اگر اللہ تعالیٰ نے گاڑی کی نعمت سے نواز رکھا ہے تو آپ پھر اس نعمت کی ڈکی کو ضرور استعمال کریں‘ آپ ڈکی میں چھتری‘ چھوٹا ٹول بکس‘ ٹارچ‘ آگ بجھانے کا سیلنڈر‘ جاگرز‘ رین کوٹ‘ پانی کی بوتلیں‘ بسکٹ کے ڈبے اور ایک گرم جیکٹ ضرور رکھیں‘ یہ بندوبست آپ اور آپ کے خاندان کو سفر کے دوران بہت فائدہ پہنچائے گا‘ میں ملکی حالات کی وجہ سے اپنے دوستوں کو ہمیشہ مشورہ دیتا ہوں آپ گاڑی کے فیول ٹینک کو کبھی آدھے سے نیچے نہ جانے دیں‘ فیول کی سوئی جوں ہی درمیان میں پہنچے‘ آپ فیول ٹینک فل کرا لیں‘ یہ عادت آپ کو مسائل سے بچائے گی کیوںکہ ملک میں کسی بھی وقت ’’ فیول ایمرجنسی‘‘ ہو سکتی ہے‘ ملک کے مختلف علاقوں اور شہروں میں روزانہ وارداتیں ہوتی ہیں اور لوگ ان وارداتوں میں مال اور جان دونوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں‘ ہمیں حالات کو ذہن میں رکھ کر چند چھوٹے چھوٹے اقدامات کرنے چاہییں‘مثلاً ہمیں دروازوں کی کنڈیاں مضبوط کر لینی چاہییں‘ گھر کا مرکزی گیٹ دن کے وقت بھی بند رہنا چاہیے‘

آپ پوچھے بغیر کبھی دروازہ نہ کھولیں‘ گھر میں بھی دروازے بند کر کے سوئیں‘ کھڑکیوں پر لوہے کی مضبوط سلاخیں لگائیں اور آپ اگر ’’افورڈ‘‘ کر سکتے ہیں تو گھر کے کسی کونے میں ایک مضبوط ’’ایمرجنسی روم‘‘ ضرور بنائیں تا کہ ایمرجنسی میں آپ پورے خاندان کے ساتھ اس کمرے میں پناہ گزین ہو جائیں‘ اس کمرے میں بنیادی ضروریات بھی موجود ہونی چاہییں‘ ٹیلی فون بھی اور ہتھیار بھی۔ آپ کوشش کریں رات کے وقت گھر کا کوئی نہ کوئی فرد جاگ رہا ہو‘ یہ آپ کی سیکورٹی کے لیے اچھا ہو گا‘ آج کل موبائل فون پر ’’لوکیشن‘‘ کا آپشن موجود ہوتا ہے‘ آپ اپنی اور بچوں کی ’’لوکیشن‘‘ ہمیشہ آن رکھا کریں تا کہ خاندان‘ آپ اور آپ اپنے بچوں کی لوکیشن کا اندازہ لگا سکیں‘ ملکی حالات خراب ہیں‘ ملک میں دہشت گردی بھی ہے‘ اغواء برائے تاوان بھی اور لڑائی جھگڑے اور چھینا جھپٹی بھی ۔ ہمیں ان حالات کو سامنے رکھتے ہوئے بھی چند چھوٹے چھوٹے اقدامات کرنے چاہییں‘ آپ کا فرقہ یا آپ کا مذہب آج کے حالات میں آپ کو ٹارگٹ بنا سکتا ہے‘ آپ اگر عارضی طور پر ایسے اقدامات کر لیں جن سے دوسروں کو آپ کے مذہب یا فرقے کا اندازہ نہ ہو سکے تو یہ آپ‘ خاندان اور معاشرے تینوں کے لیے بہتر ہو گا‘

آپ اپنے نام کے ساتھ وہ سابقے اور لاحقے ختم کر دیں جن کی وجہ سے آپ غیر محفوظ ہو سکتے ہیں‘ آپ پورے خاندان کے ساتھ سفر نہ کریں اور اگر ضروری ہو تو آپ ایک گاڑی میں نہ بیٹھیں‘ خاندان کو دو حصوں میں تقسیم کریں اور انہیں دو ٹیکسیوں‘ دو رکشوں‘ دو بسوں‘ دو ٹرینوں اور دو گاڑیوں میں سوار کریں‘ آپ کے بجٹ میں تو یقینا اضافہ ہو جائے گا لیکن جان کی سلامتی بہرحال رقم سے زیادہ قیمتی ہوتی ہے‘آپ ہڑتالوں کے دنوں میں گھروں سے نہ نکلیں‘ مظاہروں کی جگہوں پر کبھی نہ جائیں‘ میں نے مظاہروں کے دوران ہمیشہ بے گناہ لوگوں کو زخمی ہوتے اور مرتے دیکھا ہے‘ مظاہرین زیادہ تر عام لوگوں کی گاڑیاں توڑتے ہیں‘ آپ ایسی جگہوں سے بچ کر رہیں۔

آپ کوشش کریں آپ کے بچے باہر نہ جائیں‘ آپ گھر کے اندر ان کے بیٹھنے‘ کھیلنے اور ٹی وی دیکھنے کی جگہ بنا دیں‘ آپ انہیں اپنے دوستوں کو گھر بلانے کی اجازت دے دیں‘ بچوں کے دوستوں کے والدین کا نام‘ پتہ اور ٹیلی فون نمبر لے لیں‘ آپ کے بچے کا کوئی دوست جب آپ کے گھر آئے تو آپ اس کے والد کو فون کر کے اطلاع کر دیں‘ آپ کا فون بچے کے والدین کو بھی مطمئن کر دے گا اور آپ اپنے بچے کے دوستوں کے بیک گرائونڈ سے بھی مطمئن ہو جائیں گے‘ آپ دوسرے والدین کو بھی یہ عادت ڈالیں وہ بھی آپ کو فون کر کے اطلاع دیں‘ والدین کی یہ ’’سوشل نیٹ ورکنگ‘‘ بچوں کے مستقبل کے لیے بہتر ہو گی اور آخری بات آپ کوشش کریں آپ اپنی آمدنی کا کم از کم بیس فیصد حصہ بچا کر رکھیں‘ یہ بچت آپ کو آسودگی بھی دے گی‘ اعتماد بھی اورحوصلہ بھی۔ آپ اگر اپنی آمدنی میں بچت نہیں کر سکتے تو آپ بچت کیلئے اضافی کام کریں‘ آپ پارٹ ٹائم کام کریں اور اس پارٹ ٹائم کام سے حاصل ہونے والی آمدنی بچا کر رکھیں‘ یہ بچی ہوئی آمدنی آپ کو درجنوں مسائل سے بچائے گی۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں میرا ذاتی اور میرے دوستوں کا تجربہ ہیں‘ ہم نے ان چھوٹی چھوٹی باتوں سے زندگی کے بے شمار سکھ حاصل کئے ہیں‘ آپ بھی کر سکتے ہیں۔

موضوعات:



کالم



صفحہ نمبر 328


باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…