جمعہ‬‮ ، 27 دسمبر‬‮ 2024 

تیس لاشوں کا انتظار

datetime 4  فروری‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یہ عمران خان کے دھرنے کے دنوں کی بات تھی‘ میں ملک کے ایک بڑے لیڈر سے ملاقات کےلئے گیا‘ میں نے ملاقات کے دوران پوچھا ”کیا عمران خان کامیاب ہو جائیں گے“ وہ قہقہہ لگا کر بولے ” اگر میاں نواز شریف نے عمران خان کو دس بیس لاشیں دے دیں تو یہ دھرنا کامیاب ہو جائے گا‘ حکومت فارغ ہو جائے گی‘ میاں نواز شریف گرفتار ہو جائیں گے اور ملک میں مارشل لاءلگ جائے گا“ میں نے پوچھا ” اور اگر شاہراہ دستور پر لوگ نہیں مرتے تو؟“ انہوں نے فوراً جواب دیا ”میاں نواز شریف بچ جائیں گے“ وہ تھوڑی دیر رکے اور پھر بولے ”علامہ طاہر القادری اور عمران خان کو میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہیے‘ ان دونوں کو لاہور سے نکلنے کےلئے لاشیں چاہئیں تھیں اور میاں شہباز شریف نے 17 جون کو ماڈل ٹاﺅن میں انہیں یہ 14 لاشیں دے دیں‘ یہ لاشیں انقلاب کا روٹ پرمٹ ہیں‘ عمران خان اور علامہ صاحب اس روٹ پرمٹ پر چلتے ہوئے اسلام آباد پہنچے ہیں‘ یہ لاشیں نہ ہوتیں تو یہ دونوں راوی کا پل پار نہیں کر سکتے تھے‘ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کی غلطی تھی اور یہ غلطی اگر میاں نواز شریف نے بھی دہرا دی تو بات ختم ہو جائے گی“ مجھے انہی دنوں کسی صاحب نے بتایا ”عمران خان اور علامہ طاہر القادری 30 اگست2014ءکی رات جب وزیراعظم ہاﺅس کی طرف بڑھ رہے تھے تو میں جنرل پرویز مشرف کے ساتھ بیٹھا تھا‘ ٹیلی ویژن پر یلغار کی لائیو کوریج جاری تھی‘ وہ مناظر دیکھتے ہوئے جنرل مشرف نے کہا” اگر آج تیس چالیس لوگ مر گئے تو یہ حکومت فارغ ہو جائے گی“۔
یہ تجزیہ غلط نہیں تھا‘ تحریک ہو‘ احتجاج ہو یا پھر انقلاب ہو‘ یہ ہمیشہ لاشوں سے جنم لیتا ہے‘ آپ دنیا کی تاریخ دیکھیں یا پھر پاکستان کے ماضی اور حال کا مطالعہ کریں‘ آپ کو ملک کے اندر اور باہر ہر تحریک‘ ہر انقلاب لاشوں سے پھوٹتا نظر آئے گا‘ لاشیں تحریکوں کا سرخ جھنڈا ہوتی ہیں‘ یہ جھنڈا جب تک تحریکوں کے ہاتھ میں نہ آئے تحریکیں اس وقت تک کامیابی کی شاہراہ پر قدم نہیں رکھتیں‘ آپ پاکستان کے تمام لیڈروں کا پروفائل دیکھ لیجئے‘ آپ کو ان کے پاﺅں پر لہو نظر آئے گا‘ یہ لہو ان معصوم اور گم نام لوگوں کا تھا جو اپنی سادگی اور معصومیت کے ہاتھوں مارے گئے اور پھر ان کا لیڈر ان کی لاشوں پر قدم رکھتا ہوا اقتدار کی مسند تک پہنچ گیا‘ آپ جنرل ایوب خان کا ظہور دیکھ لیجئے‘ یہ ظہور قادیانیوں کی لاشوں اور لاہور کے مارشل لاءسے ہوا تھا‘ جنرل یحییٰ خان نے عشرہ ترقی کے شہداءسے جنم لیا‘ ذوالفقار علی بھٹو نے مشرقی پاکستان کی لاش پر مسند اقتدار بچھائی‘ جنرل ضیاءالحق اپوزیشن کی نو جماعتوں کی عنایت کردہ لاشوں پر چل کر ایوان اقتدار تک پہنچے‘ گڑھی خدا بخش کی لاشیں بے نظیر بھٹو کا سرمایہ بنیں‘ جنرل مشرف کارگل کے شہداءکے ذریعے اقتدار میں آئے‘ تحریک طالبان پاکستان لال مسجد اور جامعہ حفصہ کی معصوم بچیوں کی لاشوں سے پیدا ہوئی‘ افتخار محمد چودھری کو بارہ مئی 2007کو کراچی کی 48لاشوں نے قائد انقلاب بنایا اور آصف علی زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے تابوت کے ذریعے پانچ سال پورے کئے‘ آپ اگر غور کریں گے تو آپ کو ملک کی ہر تبدیلی‘ ہر انقلاب اور ہر لیڈر کے پیچھے لاشیں نظر آئیں گی اور یہ وہ حقیقت ہے جسے ہم عموماً تجزیہ کرتے وقت فراموش کر بیٹھتے ہیں‘ ہمارے ملک میں آج بھی ایسے لوگ بڑی تعداد میں موجود ہیں جو یہ سمجھتے ہیں میاں نواز شریف صرف ایک فیصلے کی وجہ سے وزیراعظم ہیں‘ عمران خان اور علامہ طاہر القادری نے 30 اگست کی رات جس وقت ریڈ زون میں قدم رکھا تھا میاں نواز شریف نے اس وقت پولیس کو ایکشن سے روک دیا تھا‘ چودھری نثار ہر صورت پولیس ایکشن چاہتے تھے اور یہ وزیراعظم کے احکامات کے بعد ان سے ناراض بھی ہو گئے تھے‘ میاں نواز شریف اگر اس رات پولیس کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں نہ لیتے‘ یہ اگر پولیس کو ایکشن سے نہ روکتے تو دس بیس لوگ مر جاتے یوں انقلاب کو لاشیں مل جاتیں اور میاں نواز شریف کی حکومت ان لاشوں کے ساتھ ہی دفن ہو جاتی‘ میاں نواز شریف نے 30 اگست کی رات میاں شہباز شریف کی غلطی نہیں دہرائی اور یوں ان کی حکومت بچ گئی۔
یہ لاشیں حکومتیں گرانے اور حکومتیں بنانے کےلئے اتنی اہم ہوتی ہیں لیکن سوال یہ ہے وقت گزرنے کے بعد ان لاشوں اور ان لاشوں کے لواحقین کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟ ان لاشوں کے ساتھ وہی سلوک ہوتا ہے جو محترمہ بے نظیر بھٹو‘ نواب اکبر بگٹی‘ ماڈل ٹاﺅن کے 14 شہیدوں اور دھرنے کے دوران پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے مرنے والے تین لوگوں کے ساتھ ہوا تھا‘ لیڈر ملتان میں 10 اکتوبر 2014ءکے دن دم گھٹنے والے سات لوگوں کی لاشیں اٹھاتے ہیں‘ ماتم کرتے ہیں‘ دہائی دیتے ہیں اور اگلے ہی دن انہیں بھول جاتے ہیں‘ ملتان میں عمران خان کےلئے جان دینے والے لوگ کون تھے‘ ان کے لواحقین آج کس حالت میں ہیں‘ فیصل آباد میں مرنے والے حق نواز کے اہل خانہ زندگی کی چکی کیسے پیس رہے ہیں اور شاہراہ دستور پر مارے جانے والے لوگوں کے بچوں کی فیسیں کون ادا کر رہا ہے‘ ان کے پانی‘ بجلی اور گیس کے بل کون دے رہا ہے اور ان کے بوڑھے والدین کے علاج معالجے کی ذمہ داری کون نبھا رہا ہے؟ کسی نے مڑ کر بھی نہیں دیکھا۔ یہ لاشیں ڈسپوزیبل سرنجیں ہوتی ہیں‘ ان کے ذریعے تحریکوں کو نئے خون‘ نئی طاقت کی سپلائی ملتی ہے اور اس کے بعد انہیں توڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے‘ بات ختم۔ آپ اب اس حقیقت کو ذہن میں رکھیں اور اس کے بعد دو فروری کے دن کراچی میں پی آئی اے کے تین ملازمین سلیم اکبر‘ عنایت رضا اور محمد زبیرکی ہلاکت کا تجزیہ کیجئے‘ یہ لوگ اپنا روزگار بچانے کےلئے گھر سے نکلے تھے‘ ان کا خیال تھا‘ حکومت اگر پی آئی اے کی نج کاری کر دیتی ہے تو یہ بے روزگار ہو جائیں گے اور یوں ان کے بچے بھوکے مر جائیں گے‘ یہ اپنے بچوں کی معاشی زندگی بچانے کےلئے گھر سے نکلے لیکن یہ سڑک پر مارے گئے‘ ان کی ہلاکت سے پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین کو تین لاشیں مل گئیں لیکن تین گھرانے اپنے کفیلوں سے محروم ہو گئے‘ یہ تین لاشیں اب اگر پی آئی اے کو نج کاری سے بچا بھی لیں تو بھی سلیم اکبر‘ عنایت رضا اور محمد زبیر کے گھرانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا‘ کیوں؟ کیونکہ ان کے گھرانوں کی پی آئی اے تو انہیں گولی لگنے کے ساتھ ہی پرائیویٹائز ہو گئی تھی‘ ان کے گھر تو دوفروری کی شام ہی بے روزگار ہو گئے تھے چنانچہ ان بے چاروں کو کیا ملا؟ ان بے چاروں کو وہی ملا جو فیصل آباد کے حق نواز‘ ماڈل ٹاﺅن کے 14 شہدائ‘ ملتان کے سات نوجوانوں اور پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے مرنے والے تین لوگوں کو ملا تھا‘ یہ بھی تحریک کا وہ ایندھن بن گئے جس سے تحریک کی گاڑی تو چل پڑے گی لیکن اس ایندھن کے بچے بھوکے مر جائیں گے‘ یہ بچے اب پوری زندگی اپنے مقتول باپ کی تصویر اٹھا اٹھا کر پھریں گے اور کوئی ان تصویروں کی شناخت تک کےلئے تیار نہیں ہوگا۔
میں پی آئی اے کے معاملے میں ملازمین اور حکومت دونوں کو مجرم سمجھتا ہوں‘ پی آئی اے 320 ارب روپے کی مقروض ہے‘ ہر ماہ ساڑھے تین ارب روپے کی قسط ادا کی جاتی ہے‘ پی آئی اے روزانہ دس کروڑ روپے نقصان اٹھا رہی ہے‘ یہ تصویر کی ایک سائیڈ ہے‘ آپ دوسری سائیڈ دیکھیں گے تو جہازوں میں سانس لینا مشکل ہوتا ہے‘ تاخیر معمول بن چکا ہے‘ جہاز رسکی ہیں‘ یورپ کے درجن بھر ملک انہیں اپنی فضا سے نہیں گزرنے دیتے‘ عملے کا رویہ بھی اچھا نہیں ہوتا‘ کرایہ بھی زیادہ ہے اور یونینز بھی تگڑی ہیں‘ یہ جب چاہیں فلائیٹ آپریشنز بند کرا دیتی ہیں چنانچہ پھر ریاست پی آئی اے کےلئے رقم کہاں سے لائے گی‘ یہ 14446 ملازمین کو کب تک گھر میں بٹھا کر کھلائے گی‘ آپ ملازمین کی اخلاقی حالت بھی ملاحظہ کیجئے‘ یہ ناراض حکومت سے ہیں لیکن انہوں نے 120 فلائیٹس منسوخ کرا دی ہیں‘ ان فلائیٹس میں کن لوگوں نے سفر کرنا تھا؟ ان میں ان لوگوں نے سفر کرنا تھا جو نامساعد حالات‘ تاخیر‘ منسوخی اور عملے کی بدتمیزیوں کے باوجود آج بھی پی آئی اے پر سفر کرتے ہیں‘ ان ظالموں نے ان دریا دل مسافروں کا سفر بھی مشکل بنا دیا‘ کیوں؟ ان کا کیا قصور تھا اور کل جب پروازیں شروع ہوں گی تو کیا یہ لوگ پی آئی اے پر اعتماد کریں گے؟ ملازمین نے آج یہ فیصلہ بھی کرنا ہے‘ انہوں وہ پی آئی اے چلانی ہے جو ان کے گھروں کے چولہے جلاتی ہے یا پھر انہوں نے وہ یونینز چلانی ہیں جن کی وجہ سے سلیم اکبر‘ عنایت رضا اور محمد زبیر جیسے لوگ مارے جا رہے ہیں اور مسافر ائیر پورٹوں پر ذلیل ہو رہے ہیں‘ آپ کو یہ فیصلہ بہرحال کرنا پڑے گا اور جلد کرنا پڑے گا‘ میں حکومت کو بھی اس صورتحال کا ذمہ دار سمجھتا ہوں‘ یہ درست ہے‘ پی آئی اے خسارے میں جا رہی ہے اور یہ بھی درست ہے آئی ایم ایف نے اپنے قرضے 72 سرکاری اداروں کی نج کاری کے ساتھ منسلک کر دیئے ہیں اور آپ نے یہ ادارے بہرحال پرائیویٹائز کرنے ہیں لیکن سوال یہ ہے کیا 72 اداروں کی فہرست میں پی آئی اے کے علاوہ کوئی ادارہ نہیں؟ کیا اس میں ریلوے اور سٹیل مل شامل نہیں ہیں؟ اگر ہاں تو پھر آپ ریلوے اور سٹیل مل کو بیل آﺅٹ پیکج کیوں دے رہے ہیں؟ آپ اگر ریلوے اور سٹیل مل کو ”ری وائیول“ کا موقع دے رہے ہیں تو پھر آپ یہ موقع پی آئی اے کو کیوں نہیں دیتے؟ پی آئی اے کے وہ ملازمین جو اس وقت سڑکوں پر بیٹھے ہیں کیا انہوں نے حکومت سے ایک سال کا وقت نہیں مانگا تھا‘ اگر ہاں تو پھر اسحاق ڈار نے انہیں ایک سال کیوں نہیں دیا؟ تین لوگوں کے مرنے کا انتظار کیوں کیا گیا؟ فلائیٹس آپریشنز بند ہونے اور ملازمین کو سڑکوں پر نکلنے کا موقع کیوں دیا گیا؟ کیا کسی کے پاس ان سوالوں کا جواب ہے؟ وقت کی لگام ابھی ہاتھ سے نہیں نکلی‘ آپ یونین کو ساتھ بٹھائیں‘ ملازمین کو پی آئی اے کی ”ری وائیول“ کےلئے ایک سال دیں‘ بیل آﺅٹ پیکج اناﺅنس کریں‘ پی آئی اے کے قرضے اپنے ذمے لیں اور قومی ائیر لائین کو اٹھنے‘ کھڑا ہونے اور دوڑنے کا موقع دیں‘ یہ چل جائے گی‘ کیوں؟ کیونکہ پیٹرول سستا ہو چکا ہے‘ جہاز 38 ہو چکے ہیں اور دو جہازوں کا اضافہ اس مہینے ہو جائے گا چنانچہ اگر حکومت موقع دے اور ملازمین ایمانداری سے کام کریں تو مجھے یقین ہے یہ ادارہ چل پڑے گا‘ آپ ان لوگوں کو موقع دیں‘ یہ کامیاب ہو گئے تو پوری دنیا میں پاکستان زندہ باد ہو جائے گی اور یہ اگر ناکام ہو جاتے ہیں تو آپ 26 فیصد کی بجائے پوری پی آئی اے نیلام کر دیجئے گا‘ کوئی آپ کا ہاتھ نہیں روکے گا‘ میں حیران ہوں حکومت میز پر کیوں نہیں بیٹھتی؟ حکومت اگر طالبان اور بھارت سے مذاکرات کر سکتی ہے تو پھر یہ سہیل بلوچ سے بات کیوں نہیں کرتی؟ یہ کہیں تین لاشوں کو 30 لاشوں میں تبدیل ہونے کا انتظار تو نہیں کر رہی؟ اگر ہاں تو پھر حکومت یہ بات پلے باندھ لے یہ 30 لاشیں حکومت کےلئے وہ لاشیں ثابت ہوں گی جن سے میاں نواز شریف 2014ءمیں بچ گئے تھے‘ یہ لاشیں جس دن گریں گی حکومت اس دن ان کے ساتھ ہی دفن ہو جائے گی۔



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…