کراچی (این این آئی)کراچی کی خاتون نے ہاتھ سے کڑھائی کر کے قرآن پاک کا ایسا نسخہ تیار کر لیا جسے دیکھنے والے عش عش کر اٹھیں۔ ہر ورق اور ہر حرف سے پھوٹتی محبت خداوندی ایمان تازہ کر دیتی ہے۔ سوتی کپڑے کا ورق، سبز رنگ کے گوٹے اور ریشم کے دھاگے سے کڑھا ایک ایک حرف، یہ ہے قرآن پاک کا خوبصورت نسخہ جو عشق خداوندی سے سرشار کراچی کی زمرد خان کا شاہکار ہے۔ ہاتھ کی کڑھائی کی ماہر کورنگی کی رہائشی 31 سالہ زمرد خان نے کاٹن کے کپڑے
پر سیاہ اور سنہرے ریشم کے دھاگے سے کڑھائی کر کے قرآن پاک کا حسین نسخہ سات سال چھ ماہ میں مکمل کیا۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں نایاب تحفہ پیش کرنے کی لگن میں زمرد خان نے قرآن پاک کا اردو ترجمہ بھی کڑھا ہے جو تصدیق شدہ ہے۔زمرد خان کا کہنا ہے کہ سات سال قبل جب یہ نیک کام کرنے کی ٹھانی تو پھر وقت کا پتہ نہیں چلا۔ رب ذوالجلال کی عنایت سے وہ مقدس قرآن پاک کے نسخہ کی خطاطی کر سکیں۔ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ زمرد کی محنت اور اللہ تعالیٰ سے محبت قابل فخر ہے۔