نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں آن لائن سائبر فراڈ اور جبری مشقت سے منسلک ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 164 غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے
جنہیں دھوکے اور جعلی ملازمتوں کے جھانسے میں لا کر غیر قانونی سرگرمیوں پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس اور تحقیقاتی حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران اس نیٹ ورک کے کارندوں اور سہولت کاروں کے خلاف شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ بازیاب ہونے والے غیر ملکی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے ان کے سفارت خانوں سے رابطہ کیا گیا تاکہ ان کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ برسوں میں جنوب مشرقی ایشیا اور گردونواح کے ممالک میں سائبر فراڈ کے مراکز میں لاکھوں افراد کو اسمگل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، اور بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق گزشتہ 1 سال کے دوران میانمار کے سائبر فراڈ مراکز سے 2 ہزار 400 سے زائد بھارتی شہریوں کو بھی واپس لایا گیا۔ حکام کے مطابق آن لائن مالی دھوکہ دہی اور انسانی اسمگلنگ کے اس بین الاقوامی جال کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔



















































