اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الوقت ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے حق میں نہیں،
تاہم ان کی حکومت تہران پر معاشی اور عسکری دباؤ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں ایک سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کو روزانہ متعدد مرتبہ خفیہ معلومات پر مشتمل بریفنگ دی جارہی ہے، جن میں ایران کی صورت حال بھی زیرِ بحث آتی ہے۔رپورٹ کے مطابق متعلقہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اب یہ تاثر مضبوط ہورہا ہے کہ صدر ٹرمپ فی الحال ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکی انتظامیہ نے ایران کے معاملے پر فی الحال ایک درمیانی حکمت عملی اپنائی ہوئی ہے۔
اس پالیسی کے تحت نہ تو نئی فوجی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے، نہ مذاکرات کی بحالی کے لیے کوئی قدم اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی مستقل امن معاہدے کی جانب پیش رفت دکھائی دے رہی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی آٹھویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے، لیکن اس کے باوجود واشنگٹن نے تہران کے خلاف معاشی پابندیوں اور فوجی دباؤ کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر کے جنگ سے متعلق ارادوں کی یہ تفصیلات واشنگٹن پوسٹ نے ایک نام ظاہر نہ کرنے والے سرکاری عہدیدار کے حوالے سے شائع کی ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔



















































