اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی طنزیہ سیاسی مہمات میں اب ’مکھی جنتا پارٹی‘ کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔
اس سے قبل ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے سامنے آنے والے آن لائن رجحان کے بعد نئی جماعت نما مہم نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔بھارتی نوجوانوں میں مقبول ہونے والی اس نئی مہم کے لیے انسٹاگرام پر ایک اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جہاں مکھی کے ایموجی کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی جیسے موضوعات پر پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ’مکھی جنتا پارٹی‘ کے سامنے آنے کا تعلق بھارتی سپریم کورٹ میں ہونے والی ایک سماعت سے جوڑا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج اور نئی دہلی میں مظاہروں پر پابندیوں کے معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مظاہرین سے نمٹنے کے طریقہ کار پر طنزیہ ریمارکس دیے تھے۔
ان ریمارکس میں مبینہ طور پر مکھی مارنے کے لیے ہتھوڑا استعمال کرنے کی مثال بھی دی گئی۔اس واقعے کے اگلے روز سوشل میڈیا پر ’مکھی جنتا پارٹی‘ کے نام سے اکاؤنٹ سامنے آیا، جسے نوجوانوں کی جانب سے، نوجوانوں کے لیے ایک سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا جمہوریت میں شہریوں کو ایک دن ’کاکروچ‘ اور اگلے روز ’مکھیاں‘ قرار دینا مناسب ہے؟ اس پیغام کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت اور شہری احتجاج سے متعلق بحث کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔خبر کے مطابق انسٹاگرام پر اس اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد سامنے آنے کے صرف ایک روز میں ایک لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد یہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔



















































