تہران (این این آئی)ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف آپریشن وعدہ صادق کی 84 ویں لہر کے دوران سعودی عرب کے الخرج بیس میں موجود امریکی ایندھن فراہم کرنے والے جہازوں کی ایک بڑی تعداد اور لاجسٹک سپورٹ بیڑے کو تباہ کردیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 84ویں لہر شروع کردی گئی ہے اور اس دوران امریکی ایندھن بھرنے والی متعدد گاڑیوں اور ان کے لاجسٹک سپورٹ بیڑے کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ امریکی دہشت گردی حکومت کی جانب سے خطے کے ایئربیسز کو جارحیت کے لیے استعمال کیے جانے کے بعد پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے بحریہ کی مدد سے آپریشن کی 84ویں لہر کے دوران ایک خصوصی مشترکہ میزائل اور ڈرون آپریشن کیا۔پاسداران انقلاب نے آگاہ کیا کہ ان کی فورسز نے دشمن کے اینٹی میزائل دفاعی نظام تباہ کردیا اور ٹھوس اور مائع ایندھن والے میزائلوں کے ساتھ الخرج بیس میں کامیابی سے داخل ہو کر وہاں موجود ایندھن بھرنے والے اور فضائی مدد فراہم کرنے والے بیڑے کو میزائلوں اور ڈرون کے بے دریغ حملوں سے نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس موثر اور بھرپور کارروائی کے نتیجے میں دشمن کے کئی بڑے اور بھاری ایندھن بھرنے والے اور معاون طیارے تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہو گئے ہیں۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ حملوں کی اس لہر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے(آئی آر آئی بی)کے شہدا اور اس سے جڑے تمام مخلص کارکنوں کے نام کیا گیا ہے۔قبل ازیں پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں خطے میں موجود امریکی فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے پڑوسی ممالک کے عوام کو ان مراکز سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا تھا کہ بزدل امریکی اور صہیونی افواج، جن میں اپنے فوجی اڈوں کا دفاع کرنے کی ہمت اور صلاحیت نہیں ہے، اسلامی جنگجوں کی کارروائیوں کے خوف سے معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے شہری تنصیبات کو استعمال کر رہی ہیں۔پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ ایرانی شہریوں اور رہنماں کو بے دریغ قتل کرنے والے امریکی اور غاصب صہیونی حکومت کی دہشت گرد فورسز کو جہاں کہیں بھی ملے ختم کرنا ہمارا فرض ہے لہذا ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ امریکی فوج کے مراکز سے فوری طور پر دور ہو جائیں تاکہ آپ کو کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے اب آپریشن وعدہ صادق کے دوران جدید اسلحے سے لیس ڈرونز اور میزائلوں کی 83 لہروں کے ذریعے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ امریکی قابض بیسز اور مغربی ایشیائی خطے میں موجود اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔



















































