ممبئی (نیوز ڈیسک): بھارتی شہر ممبئی میں سڑک پر چہل قدمی کے دوران ایک اداکارہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے، جہاں ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر انہیں تھپڑ مار کر فرار ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ خوشی مکھرجی معمول کے مطابق سڑک پر واک کر رہی تھیں کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص اچانک ان کے قریب آیا اور انہیں زور سے تھپڑ مار کر موقع سے فرار ہو گیا۔واقعے کے بعد خوشی مکھرجی نے اپنی حالت اور پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات ایک ویڈیو میں ریکارڈ کر کے انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ ویڈیو میں وہ روتے ہوئے مداحوں کو بتا رہی تھیں کہ اچانک پیش آنے والے اس واقعے نے انہیں شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب تو سڑک پر چلنا بھی جرم محسوس ہونے لگا ہے۔ ان کے مطابق موٹر سائیکل سوار شخص نے انہیں تیزی سے آ کر زور سے مارا اور فوراً فرار ہو گیا۔خوشی مکھرجی نے یہ بھی کہا کہ ایسے واقعات میں انصاف ملنا مشکل لگتا ہے کیونکہ سڑکوں پر کیمرے موجود نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے ملزم کی شناخت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے پولیس کی فوری کارروائی نہ ہونے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہاں موجود خواتین پولیس اہلکار بھی اس معاملے میں مداخلت سے گریزاں دکھائی دیں۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں کی حفاظت اور خواتین کے ساتھ سڑکوں پر ہونے والے رویوں کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔



















































