اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — پاکستان کی مسلح افواج نے افغان طالبان کی مبینہ سرحدی دراندازی کے ردعمل میں شدید کارروائی کرتے ہوئے کئی اہم چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ٹھکانوں کو آرٹلری فائرنگ اور کواڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کی فیصلہ کن کارروائی کے بعد بعض مقامات پر افغان طالبان نے سفید جھنڈے لہرا دیے۔یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے “آپریشن غضب للحق” شروع کر رکھا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق اس جوابی کارروائی میں طالبان کے متعدد ٹھکانے اور ٹینک تباہ ہوئے، جبکہ 130 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ افغان طالبان نے سرحدی علاقوں میں مختلف مقامات پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے ناوگئی سیکٹر (باجوڑ) اور تیراہ (خیبر) میں بھرپور جواب دیا۔ اسی طرح چترال کے علاقے میں ایک افغان چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا اور اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔



















































