واشنگٹن (این این آئی)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بہتر یہ ہوگا کہ ایران سے براہ راست بات چیت ہو کیونکہ یہ تیز تر عمل ہے اور آپ کو دوسرے فریق کو سمجھنے کا زیادہ بہتر موقع ملتا ہے بہ نسبت اس بات کے کہ آپ کسی مصالحت کار کے زریعے بات کریں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران مصالحت کاروں کو استعمال کرنا چاہتا تھا مگر شاید اب ایسا نہیں۔انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ایران براہ راست بات چیت پر آمادہ ہوجائے گا، اس سے پہلے ایران نے براہ راست بات چیت کا امکان مسترد کردیا تھا مگر ساتھ ہی بالواسطہ بات چیت پر آمادگی ظاہر کی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کا ‘بلاواسطہ’ بات چیت پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ ایرانی ایٹمی منصوبے پر بات چیت کے ادوار اومان میں منعقد ہوں گے، اگلے تین ہفتوں میں بات چیت شروع ہونے کا امکان ہے۔