اسلام آباد (نیو ز ڈیسک)بھارت کی ریاست کرناٹکا کے ضلع ہاویری میں ایک سرکاری اسپتال میں نرس کی لاپرواہی کا حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک 7 سالہ زخمی بچے کے زخموں کو ٹانکے لگانے کے بجائے ایلفی سے چپکا دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، بچہ چہرے پر زخم آنے کے بعد اسپتال پہنچا تھا، جہاں موجود نرس، جیوتی، نے زخم کو ٹانکے لگانے کے بجائے ایلفی استعمال کر کے جوڑنے کا فیصلہ کیا۔
نرس کا مؤقف تھا کہ وہ بچے کے چہرے پر ٹانکوں کے نشانات بننے سے بچانا چاہتی تھی، تاہم والدین نے اس اقدام کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔اسپتال انتظامیہ نے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے نرس کو سزا دینے کے بجائے محض اس کا تبادلہ کسی اور اسپتال میں کر دیا، لیکن جب یہ معاملہ حکومت تک پہنچا تو نرس کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔