ڈھاکا(این این آئی)صدر محمد شہاب الدین نے عبوری انتظامیہ کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر شہاب الدین نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبا تحریک کے رہنمائوں سے ہونے والی ملاقات کے بعد پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔
بی این پی کی چیئرپرسن خالدہ ضیا کو رہا کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ یکم جولائی سے 5 اگست تک طلبا تحریک اور مختلف مقدمات میں حراست میں لیے گئے افراد کو بھی رہا کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔اس سے قبل بنگلا دیشی سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد طلبا تحریک نے فوجی قیادت یا حمایت والی حکومت قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے پارلیمنٹ دوپہر 3 بجے تک تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔