مدینہ منورہ(این این آئی)سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو کلپ میں مدینہ منورہ کے علاقے میں الوسق آبشار کو اس کی تمام شان وشوکت اور خوبصورتی کے ساتھ دکھایا گیا اور آبشار نے شدید بارشوں کے بعد علاقے کے مکینوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق زیر گردش ویڈیو کلپ میں شہر میں العیص گورنری کے شمال میں الوسق آبشار کو ایک بے مثال منظر میں پانی کے ساتھ بہتا ہوا دکھایا گیا ہے۔
اسی تناظر میں موسمیات کے قومی مرکز نے ریڈ الرٹ جاری کیا جس میں المہد، وادی الفرع، العیص اور الحناکیہ سمیت مدینہ منورہ کے علاقے میں شدید بارشوں کی وارننگ دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے وضاحت کی کہ بارش کی صورتحال ژالہ باری اور موسلا دھار بارشوں کے ساتھ ہے تیز ہوائیں گردووغبار کو اڑانے کا باعث بنتی ہیں جو افقی سطح پر حد نگاہ کو محدود کرتی ہیں۔مدینہ منورہ میں شدید بارش کے بعد آبشاریں بہہ پڑیں اور لوگ ان سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھر سے نکل آئے۔