اسلام آباد (این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے سویڈن میں قرآن پاک کی پے در پے بے حرمتی پر ایکشن لیتے ہوئے سویڈن کے خصوصی ایلچی کا اسٹیٹس معطل کردیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی جانب سے اسلام مخالف سوئڈش حکومت کے خلاف بڑا اقدام سامنے آیا ہے اور او آئی سی میں سویڈن کا خصوصی ایلچی کا اسٹیٹس معطل کردیا گیا ہے۔او آئی سی نے سویڈن کی حکومت کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
قرآن پاک کی متعدد بار بے حرمتی کرنے والے شخص کا نام سلوان مومیکا ہے، جوعراق کے صوبے موصل کے ضلع الحمدانیہ سے تعلق رکھتا ہے۔سلوان نے سویڈن میں پناہ حاصل کرنے سے قبل عراقی شہر نینوا میں ملیشیا کی سربراہی بھی کرچکا ہے۔ یہ شخص دھوکا دہی سمیت متعدد کیسز میں عراق کو مطلوب ہے۔سلوان کئی سال قبل سویڈن فرار ہو گیا تھا اور اس کی حوالگی سے متعلق عراقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر سویڈش حکومت سے درخواست بھی کی گئی ہے تاہم تاحال سویڈن کی حکومت کی جانب سے سلوان کو عراقی حکومت کے حوالے نہیں کیا گیا ہے۔