واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے وسطی افریقی جمہوریہ اور روس میں قائم کمپنیوں اور ایک شخص پر واگنر گروپ کی کرائے کی فوج کو مالی اعانت مہیا کرنے کے الزام میں پابندیاں عائد کردی ہیں اورکہا ہے کہ یہ کمپنیاں اس مقصد کے لیے سونے کے غیر قانونی لین دین میں ملوّث ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے واگنر گروپ اور اس کے رہنما ایوگینی پریگوزن سے تعلق رکھنے والی چار کمپنیوں پر پابندیاں عاید کی ہیں اور کہا ہے کہ سونے کے غیر قانونی لین دین سے واگنر کو یوکرین اور افریقا سمیت ممالک میں اپنی مسلح ملیشیا کو برقرار رکھنے اور وسعت دینے کے لیے مالی اعانت ملتی ہے۔محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس برائن نیلسن نے ایک بیان میں کہا کہ واگنرگروپ وسطی افریقی جمہوریہ اور مالی جیسے ممالک میں قدرتی وسائل کا استحصال کرکے اپنی ظالمانہ کارروائیوں کی مالی اعانت کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا واگنر گروپ کے آمدن کے ذرائع کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ افریقا، یوکرین اور دوسرے مقامات پراس کی توسیع اور تشدد کو کم کیا جا سکے۔