دبئی(این این آئی)دبئی نے عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران مفت پبلک پارکنگ اور میٹرو کے اوقات میں توسیع کا اعلان کر دیا۔میڈیا کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اسلامی تہوار کے لیے میٹرو، بس، ٹرام کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے جبکہ دبئی میں پبلک پارکنگ بھی 4 دن تک مفت استعمال کی جائے گی۔
27 تا30 جون تک کثیر سطحی ٹرمینلز کے علاوہ ادا شدہ زونز میں بھی پارکنگ فیس لاگو نہیں ہوگی، فیس کا دوبارہ اطلاق ہفتہ یکم جولائی سے ہوگا۔ دبئی میٹرو سروس 26 تا 30 جون اوریکم جولائی کو صبح 5 تاصبح 1 بجے تک چلے گی، 25 جون اور 2 جولائی کو میٹرو کی ٹائمنگ صبح 8 تا1 بجے تک ہوگی جبکہ ٹرام 26 تا 30 جون اور یکم جولائی کو صبح 6 تاصبح 1 بجے تک چلے گی۔ 25 جون اور 2 جولائی کو ٹرام کا وقت صبح 9 تا 1 بجے تک ہوگا،
اسی طرح دبئی بس سروس پیر تا جمعرات صبح 4.304 بجکر 30 منٹ سے 12 بجکر 30 منٹ تک، جمعہ صبح 5 تا1 بجے تک اور ہفتہ،اتوار صبح 6 تا1 بجے تک چلے گی۔اس کے علاوہ آر ٹی اے نے تعطیلات کے دوران اپنی تمام خدمات کے کاروباری اوقات کار میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے، گاڑیوں کی تکنیکی جانچ 30 جون کو دوبارہ شروع ہوگی اور ہال یکم جولائی کو دوبارہ کھلیں گے، الکیف کے علاوہ تمام کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز 27 سے 30 جون تک بند رہیں گے، ام رامول، دیرہ، البرشہ اور آر ٹی اے ہیڈ آفس میں اسمارٹ کسٹمر سینٹرز 24/7 معمول کے مطابق کام کریں گے۔