دمشق(این این آئی)شام کے صدر بشارالاسد کے آبائی گاں قردہا پر جمعے کو ڈرون حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا معمولی زخمی ہوگیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق حکومت کے زیر کنٹرول شمال مغربی علاقے صلحب میں بھی ڈرون حملہ ہوا تھا جس میں ایک عورت اور بچہ ہلاک ہوگئے تھے۔قردہا اور صلحب کے درمیان 35 کلومیٹر کا فاصلہ ہے، ان علاقوں میں ڈرون حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب شام کی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان شمال مغربی علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔قردہا روس کی حمائیمم ایئربیس سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، شام نے دعوی کیا تھا کہ روس کے جنگی طیاروں نے باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں حملے کیے ہیں۔شام کی سرکاری فورسز نے اگلے محاذوں پر فوجی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔واضح رہے کہ شام میں اگلے محاذوں پر جاری جھڑپیں رک چکی ہیں، بشارالاسد کی حکومت نے روس اور ایران کی مدد سے ملک کے بیشتر حصے پر دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے۔لیکن باغی ادلب صوبے میں قردہا اور صلحب کے قریب چند ایک علاقوں میں موجود ہیں۔