نیویارک(این این آئی)اوشین گیٹ کمپنی نے آبدوز مسافروں کی جانوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کے دوران ہی آبدوز پائلٹ کی نوکری کے لیے اشتہار جاری کردیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آبدوز میں سوار 5 افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری تھا کہ اسی دوران کمپنی نے ویب سائٹ پر آبدوز کے پائلٹ کی بھرتی کا اشتہار جاری کیا۔
سوشل میڈیا پر یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد لوگ حیرانی اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں تاہم کئی لوگوں نے اس کا مذاق بھی بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں کمپنی کے مرکزی دفاتر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کے دوران لاپتہ ہونے والی ٹائٹن نامی سیاحتی آبدوز کا ملبہ مل گیا ہے اور اس میں سوار پاکستانی صنعتکار حسین داود کے بیٹے شہزادہ داود اور پوتے سلیمان داود سمیت تمام 5 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔