اسلام آباد (این این آئی)1999 میں کارگل جنگ میں شریک بھارتی فوج کے بریگیڈئیر ایم بی ایس باجوہ بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کی بہادری کا اعتراف کرچکے ہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آگئی۔کارگل جنگ میں شریک بھارتی فوج کے بریگیڈئیر ایم بی ایس باجوہ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ کرنل شیر خان کو ان کی بہادری کا صلہ ملے جس کی وجہ سے انہوں نے ایک چٹھی لکھ کر شہید کی جیب میں رکھ دی۔
ایم بی ایس باجوہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ چٹھی میں انہوں نے پاکستان سے کیپٹن کرنل خان کو اعلیٰ ترین اعزاز دینے کی سفارش کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ایک ملزم نے مردان میں مظاہرے کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کی بیحرمتی کی تھی جس کے بعد پولیس نے ملزم رحمت اللہ کو مردان سے گرفتار کرلیا تھا۔گرفتاری کے بعد کیپٹن کرنل شیر خان شہیدکے مجسمہ کی بیحرمتی کرنے والے ملزم رحمت اللہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا۔ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ 9 تاریخ کو ایوب گیٹ کے سامنے جلوس میں مجسمے کی بے حرمتی کی تھی، مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوئی ہے، پاک آرمی ہمارا فخر ہے، ہمیں آرمی کی قدرکرنی چاہیے، مجھ سے غلطی ہوئی ہے۔