مدینہ منورہ(این این آئی)مدینہ منورہ کے شاہ سلمان میڈیکل سٹی میں نیورو سرجری اور سائیکاٹرسٹ میں ماہر طبی ٹیموں نے ایک مریض کو دائمی ڈپریشن سے نجات دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سعودی عرب میں ہونے والی اس سرجری میں ڈیپریشن کی پچیس سال پرانی بیماری کا خاتمہ ہوا
اور یہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔ماہر نفسیات اور نیورو سرجن پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم اس کیس پر بات کرنے اور اس سے وابستہ ڈپریشن اور اضطراب کی شدید علامات کو دور کرنے کے لیے سرجیکل مداخلت کی منظوری کے لیے تشکیل دی گئی۔ٹیم نے مکمل اینستھیزیا کے تحت “دو طرفہ اینٹیریئر گائرس ریسیکشن” کیا جو بغیر کسی پیچیدگی کے کامیاب رہا۔ مریض کے مزاج اور نفسیاتی حالت میں بہتری آئی، سونے کے اوقات معمول پر آگئے اور وہ مستقل اداسی اور موت کے بارے میں ضرورت سے زیادہ سوچنے سے بچ گیا۔قابل ذکر ہے کہ مدینہ منورہ میں کنگ سلمان میڈیکل سٹی ڈپریشن کے مریضوں کے لیے نیورو سرجری کی سروس فراہم کرتا ہے۔ نیورو سرجری میں ایک میڈیکل ٹیم کے ذریعے دماغ میں جراحی کے ذریعے ذہنی دبا کی علامات کو دور کرنے کے لیے جدید اور درست سرجیکل تکنیک کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔