واشنگٹن(این این آئی)امریکی قومی سلامتی کونسل کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن پاسداران انقلاب کو دہشت گردوں کی فہرست میں رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔اہلکار نے عرب ٹی وی کو مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایران نے اپنے کچھ مطالبات کو ترک کر دیا ہے۔
ان کا اشارہ ایران کے ساتھ کچھ دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی طرف تھا۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے اہلکار نے تصدیق کی کہ ایران نے پاسداران انقلاب کے خلاف پابندیاں نہ اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن جوہری معاہدے کی باہمی پابندی کے لیے تیار ہے لیکن بائیڈن صرف اس معاہدے کو قبول کریں گے جس میں امریکی مفادات کا تحفظ ہو۔اہلکار نے ایران کے ساتھ معاہدے کو بحال کرنے کے لیے رعایتیں دینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ اس وقت ایران کے ساتھ معاہدے کے مسودے پر بات کرنے پر کام کر رہی ہے جس کا وہ مناسب وقت میں جواب دے گا۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار نے کہا کہ امریکا پر ایران کے ساتھ معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔