دیماپور(این این آئی)بھارتی ریاست ناگالینڈ کی علیحدگی پسند تنظیم نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالم نے واضح کیا ہے کہ وہ مسئلہ ناگالینڈ کے حتمی حل کے طور پر علیحدہ پرچم اور آئین کے اپنے مطالبے پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالم کے اساک ماویہ دھڑے نے کہا کہ وہ مسئلہ ناگالینڈ کے حل کے ایک حصے کے طور پر علیحدہ پرچم اور آئین کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں ان بنیادی مسائل کو نہیں چھوڑ سکتے جو ناگا لینڈ کی قومی شناخت کی علامت ہیں۔نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالم کے اساک ماویہ دھڑے اور بھارتی حکومت نے سیاسی مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے 2015میں ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تقریبا تمام اہم پارٹیاں بھارت سے ایک علیحدہ ریاست ناگالینڈ کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالم نے یہ پختہ عزم کررکھا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر ناگا قومی موقف سے انحراف نہیں کرے گی۔