جنیوا(این این آئی )اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے نے منگل کو بتایاہے کہ گذشتہ ماہ اب تک ریکارڈ کیے گئے تین گرم ترین جولائی میں سے ایک تھا،اس میں عالمی درجہ حرارت اوسط سے قریبا نصف ڈگری زیادہ رہا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی موسمیاتی تنظیم
(ڈبلیو ایم او)کی ترجمان کلیر نولیس نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ گزرا جولائی دنیا میں اب تک ریکارڈ پرموجود تین گرم ترین جولائی کے مہینوں میں سے ایک ہے۔یورپی مانیٹرنگ سروس کوپرنیکس کے تازہ اعداد و شمارکی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2022کا جولائی 2019 کے اسی مہینے کے مقابلے میں قدرے ٹھنڈا رہا ہے اور 2016 کے مقابلے میں قدرے گرم رہا ہے۔نولیس نے وضاحت کی کہ تین مہینوں کے درمیان درجہ حرارت کا فرق بہت تھوڑا ہے، لہذا اسی وجہ سے ہم تین گرم ترین مہینوں میں سے ایک کہ رہے ہیں۔انھوں نے بتایاکہ اس سال کا جولائی اسپین میں ریکارڈ کیا گیا اب تک کا گرم ترین مہینہ تھا۔ڈبلیو ایم او کے مطابق گذشتہ ماہ عالمی سطح پر درجہ حرارت 1991-2020 کی اوسط سے 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔اس حقیقت کے باوجود کہ موسمی مظہریت لانینا نے ستمبر 2020 سے دنیا کوقریبا بلا تعطل اپنے حصار میں لے رکھا ہے اور یہ ٹھنڈا اثر ڈالنے کے لیے ہے۔