نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی حکومت اور تجارتی حکام نے کہاہے کہ ملک میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کو قابو کرنے کے لیے گندم درآمدات پر 40 فیصد ڈیوٹی ختم کی جاسکتی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کا دوسرا بڑا گندم پیدا کرنے والا ملک ہے، اگر درآمدات پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی تو قیمتوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔وزارت تجارت نے کہا کہ 14 اگست سے میدے کی برآمدات پر پابندی عائد کی جائے گی، ایک بین الوزارتی کمیٹی برآمدات کی اجازت دے گی۔واضح رہے کہ بھارت نے رواں برس مئی میں ہیٹ ویو کی وجہ سے فصل متاثر ہونے کے بعد گندم کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی، اس کے باوجود مقامی سطح پر قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا۔تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ڈیوٹی ختم کردے اور بین الاقوامی منڈی میں بھی قیمتیں گر جائیں تو گندم درآمد کی جاسکتی ہے۔پچھلے ہفتے ایک ٹن گندم کی قیمت 24 ہزار بھارتی روپے یا 301 امریکی ڈالر کے مساوی تھی۔