واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں اپنے گھر پر وفاقی ادارہ تحقیقات (ایف بی آئی)کی چھاپا مارکارروائی کو سیاسی انتقام اور ظلم وستم قراردیا ہے۔انھوں نے اس کے چند گھنٹے کے بعد انتخابی مہم کی طرز کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
یہ اب تک کا سب سے مضبوط اشارہ ہوسکتا ہے کہ وہ 2024 میں صدر جو بائیڈن کے مدمقابل صدارتی انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایف بی آئی کی کارروائی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ یہ دعوی کرسکتے ہیں کہ وہ ادارہ جاتی قوتوں کا شکارہیں جوانھیں تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ان کے اس بیانیے کی بنیاد پرری پبلکن پارٹی کے لیڈراور کارکنان ایک ایسے وقت میں ان کے ارد گرد جمع ہو رہے تھے جب پارٹی پر ان کی گرفت پھسلتی نظر آرہی تھی۔ٹرمپ اوران کے اتحادیوں نے منگل کے روزاپنے حامیوں میں غیظ وغضب اورجذبہ پیدا کرنے کی کوشش میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیااور انھوں فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع اپنے مارلاگوگھر پرچھاپے کے بعد ڈالر کمانے کی کوشش بھی کی۔ٹرمپ نے نئی ویڈیو میں کہا کہ کوئی پہاڑ نہیں ہے جس پر ہم چڑھ نہیں سکتے، کوئی چوٹی نہیں ہے جس تک ہم نہیں پہنچ سکتے، کوئی چیلنج نہیں ہے جس سے ہم نمٹ نہیں سکتے،ہم جھکیں گے نہیں، ہم نہیں ٹوٹیں گے، ہم نہیں مانیں گے۔انھوں نے ڈیموکریٹک بائیڈن انتظامیہ پرتنقید بھی کی ہے۔