ریاض (این این آئی)سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا ہے کہ اکنامک کرائمز پراسیکیوشن نے ایک خاتون سمیت تین افریقی ملزمان کو منی لانڈرنگ کے کیس میں پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
سزا پانے والے تین رکنی گینگ پر 1,286,000 ریال سمگل کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تفتیشی طریقہ کار سے ظاہر ہوا کہ دونوں ملزمان نے رقم کو اس خاتون کے بیگ کے اندر خفیہ ٹھکانوں میں چھپا کر بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کی مگر خاتون کی جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تلاشی لی گئی تو سا کے بیگ سے بھاری رقم برآمد ہوئی۔تفتیشی طریقہ کار سے یہ بات سامنے آئی کہ ضبط شدہ رقم جرائم اور متعدد ضوابط کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ہوئی۔ گرفتار ملزمان کو مجاز عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے خلاف فوج داری قانون کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔تینوں ملزمان سے قبضے میں لی گئی رقم ضبط کرنے، ان میں سے ایک کی رہائش گاہ سے ملنے والی رقم ضبط کرنے، جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون ضبط کرنے کی سزا کے ساتھ پانچ سال قید اور قید کی تکمیل کے بعد ملک بدری کی سزا شامل ہے۔