ریاض(این این آئی)شاہ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا)میں پہلی نمائش ہجرت نقش پائے رسول ﷺ کا افتتاح کریا گیا ہے۔ یہ نمائش عصری انداز میں ہجرت کے موضوع پر تیار کی جانے والی اپنی نوعیت کی پہلی نمائش سمجھی جاتی ہے۔
اس خصوصی نمائش کو مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی سرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔نیااسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اس نمائش کا آغاز سینٹر کے عظیم ہال میں اعلی حکام، اسلامی فن و تاریخ کے محققین، دانشوروں اور دنیا کے مختلف ممالک کے مہمانوں کی موجودگی میں کیا گیا۔یہ نمائش 9 ماہ تک سعودی عرب کے شہروں جدہ، مدینہ منورہ اور ریاض میں منعقد کی جائے گی۔ اس کے بعد اس نمائش کا انعقاد دنیا کے بعض دوسرے شہروں میں بھی کیا جائیگا۔اس نمائش کے انعقاد کا مقصد اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات میں سے ایک یعنی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی 622 میں ھجرت مدینہ پر روشنی ڈالنا ہے۔ اس ھجرت سے ایک ایسے معاشرے کی بنا پڑی جو آج ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی شکل میں دنیا کے چپے چپے پر موجود ہے۔