واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدرجو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ چین پرعایدامریکی محصولات میں نرمی کے لیے اپنا ذہن بنانے کے عمل میں ہیں اوروہ جلد ہی اس موضوع پرچینی صدر شی جین پنگ سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق صدر جو بائیڈن نے مارچ میں چین کو خبردارکیاتھا کہ اگر بیجنگ یوکرین پرحملے میں ماسکو کی فوجی مدد کرتا ہے یا ویسے معاشی حمایت کرتا ہے تو اس کیمضمرات اورنتائج ہوں گے۔اس کے علاوہ اگراس نے امریکا، یورپی یونین اور دیگر کی جانب سے روس پرعاید کردہ سخت اقتصادی پابندیوں سے بچنے میں اس کی مدد کی تواس کے نتائج وعواقب ہوں گے۔اگرچہ چین کی جانب سے روس کی کسی بھی طرح سے مدد کرنے کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے لیکن اس نے روس کے سازشی نظریات سے متعلق بیان بازی کی حمایت ضرورکی ہے۔مثلا یہ جھوٹا دعوی کہ امریکا یوکرین میں ہتھیاروں کی بائیو لیب چلاتا ہے اورسفارتی طور پربھی روس کی اس اندازمیں مدد کی ہے کہ صدرشی اپنے روسی ہم منصب ولادی میرپوتین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔