روم(این این آئی)اٹلی کی انسداد دہشت گردی پولیس اور یوروپول نے کارروائی کرتے ہوئے2020میں فرانس کے گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے چارلی ہیبڈو میگزین پر حملہ کرنے والے شخص سے تعلق کے شبے میں متعدد پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اٹلی کی پولیس نے کہاکہ اسٹنگ آپریشن کے نتیجے میں اٹلی اور بیرون ملک میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری عمل میں آئی، ان شہریوں پر ظہیر حسن محمود سے براہِ راست تعلق کا الزام ہے۔انہوں نے کہا کہ ظہیر حسین پر الزام ہے کہ اس نے میگزین کی جانب سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے متنازعہ کارٹون دوبارہ شائع کرنے کے چند ہفتوں بعد دوافراد پر حملہ کیاتاہم پولیس کی جانب سے گرفتار ہونے والے ملزمان کی مجموعی تعداد نہیں بتائی گئی۔یوروپول کے یورپی کائونٹر ٹیررازم سینٹر نے فرانس اور اسپین میں انسداد دہشت گردی پولیس کے ساتھ مل کر آپریشن کیا۔شمال مغربی اٹلی میں واقع جینوا کی پولیس کے مطابق جج نے بین الاقوامی دہشت گردی سے متعلق جرائم میں ملوث 14 افراد کی گرفتاری وارنٹ پر دستخط کیے۔